حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نئے روٹس میں ملیر، کیماڑی، لیاری اور غربی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ضیا الدین اسپتال سے چاکیواڑہ چوک براستہ بلاول چورنگی، 26 اسٹریٹ، گزری لین، سی ایم ہاؤس، سلطان آباد، ماڑیپور روٹ کی توسیع بھی کی جائے گی۔
اجلاس میں ہاکس بے سے صدر اور منگھوپیر سے بنارس کے نئے روٹس کے لئے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ لیاری سے ملیر نیا روٹ شروع کرنے اور لیاری میں چاکیواڑہ اسٹاپ تک پیپلز بس چلانے کی تجاویز دی گئی۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کراچی کے روشن اور بہترین مستقبل کے لیے مسلسل لگن سے کام کر رہی ہے ہمارا مقصد ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنا اور عوامی نقل و حمل کے قابل بھروسہ حل پیش کرنا ہے۔



















