کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ملک بھر کے کورٹ رپورٹرز کو عدالتی رپورٹنگ کی اجازت دے دی۔
عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پیمرا کی پابندی کے معاملے پر کراچی کے کورٹ رپورٹرز اور پی ایف یو جے کی سیکرٹری علاؤ الدین خانزادہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے پی ایف یو جے کی درخواست پر ملک بھر کے کورٹ رپورٹرز کو عدالتی رپورٹنگ کی اجازت دے دی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ عدالتی رپورٹنگ کے دوران سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز اور متعلقہ قوانین کا خیال رکھا جائے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پیمرا کارروائی کرسکتا ہے۔
عبدالمعیز جعفری ایڈووکیٹ کے مطابق پی ایف یو جے کی درخواست پر آرڈر کے بعد ملک بھر کے صحافی ذمہ دارانہ کورٹ رپورٹنگ کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عدالت نے کراچی کے 5 کورٹ رپورٹرز اور ان کے چینلز کے خلاف پیمرا کو کارروائی سے روکا تھا۔
عدالت نے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کردی ہے۔



















