اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری بجلی تقسم کار کمپنیوں کے بورڈز ارکان کو ہٹانے سے متعلق آرڈیننس لانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بورڈز ارکان کو ہٹانے سے متعلق آرڈیننس لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی کابینہ نے آرڈیننس کے لیے وزارت قانون و انصاف کی سمری منظور کرلی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق ایکٹ 2023 میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا ہے، آرڈیننس کے ذریعے بورڈزکی تحلیل میں حائل قانونی رکاوٹیں اور پیچیدگیاں دور ہوں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ بجلی کی 9 سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ تحلیل کرکے نئے بورڈز تشکیل دیے جائیں گے، بجلی کمپنیوں میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے۔
حکومتی ذرائع نے کہا کہ تمام بجلی کمپنیوں میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں پروفیشنل کو تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے 9 کمپنیوں کے بورڈ ارکان کے لیے سمری کابینہ میں پیش کرنے کی اجازت دی تھی جب کہ وزیراعظم نے سیپکو اورحیسکو کے بورڈز کی تشکیل نو کا معاملہ کابینہ میں پیش کرنےسے روک دیا تھا۔



















