Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آن لائن ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی سہولت اگلے ہفتے شروع ہو گی

شہریوں کو آن لائن ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے صرف ایک ہفتہ انتظار کرنا ہو گا۔

اس حوالے سے کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے آغاز اور لائسنس اجراء کو آسان بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں سی پی ایل سی چیف، ڈی آئی جیزاسٹبلشمنٹ، ہیڈکواٹرز، آئی ٹی، فنانس، اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ سندھ نے اجلاس ایجنڈا پر مختلف حوالوں سے شرکاء کو بریفنگ دی اور کہا کہ آئندہ ہفتے سے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سروس فعال کردی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ اور بین الاقوامی ڈی ایل سمیت ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ آن لائن سہولت میں امیدوار کے کوائف، لائسنس فیس،اور فیس وصول کرنیوالے بنک کی تفصیل بھی منسلک ہوگی۔

ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور مستقل/ پکے لائسنس کے لیے شہریوں کو مستند نجی یا سرکاری اسپتال سے میڈیکل فٹنس اور فارم ’بی‘ جمع لازمی جمع کرانا ہوگا۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیئے ضروری میڈیکل فٹنس اور فارم بی سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کا آغاز تجرباتی بنیاد پر شروع کیا جائے اور مستقبل میں شہریوں کی سہولت کے لیئے موبائل وین سہولت بھی متعارف کروائی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آن لائن ڈی ایل کے اجراء کا مقصد شہریوں کو خاطر خواہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اجلاس میں مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈرائیونگ لائسنس ڈیٹا ڈیجٹلائزڈ ہوجائیگا، اور آن لائن سہولت سے ڈرائیونگ لائسنس کی مختلف کٹیگریز کا ریکارڈ کی ترتیب مزید بہتر ہوجائے گی۔

متعلقہ خبریں