کراچی کی سیشن کورٹ نے بچوں کی اسمگلنگ کیس میں وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے سماجی کارکن صارم برنی کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق بچوں کی اسمگلنگ اوردھوکہ دہی سے متعلق کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی، ایف آئی اے نے ملزم صارم برنی کو عدالت میں پیش کیا اور ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حیا نامی بچی کو فیملی کورٹ میں لاوارث قرار دیا گیا ہے، بچی کی والدہ افشین نے مدیحہ نامی خاتون کو فروخت کیا تھا، مدیحہ نے بچی کو بشرا کو فروخت کیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کررہے ہیں، وہ ایک بھی سوال کا جواب نہیں دے رہے ہیں، ملزم کے ٹرسٹ کے حوالے سے بینکوں سے معلومات کا کہا ہے، اس میں منظم گروہ ملوث ہے۔
عدالت نے صارم برنی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 جون کو ہوگی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ایف آئی اے نے صارم برنی کو امریکا سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔



















