چونیاں: لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چونیاں میں ادا کر کے انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سمیت عسکری حکام نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی، وزیراطلاعات عطا تارڑ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کے جنازے کو کاندھا دیا اور قبر پر پھول بھی رکھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کیپٹن فراز الیاس کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کیپٹن فراز الیاس شہید کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم گواہی دیتا ہے کہ شہید زندہ ہیں، اللہ تعالیٰ شہادت کا رتبہ کسی کسی کو نصیب کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہزاروں شہداء نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کیپٹن محمد فراز الیاس کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، کیپٹن کا خون رنگ لائے گا۔
وزیراعظم نے شہید کیپٹن کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپکے بیٹے نے جام شہادت نوش کیا ہے، سنا ہے 19 جون کو کیپٹن فراز الیاس کا نکاح ہونے والا تھا، اللہ تعالیٰ آپ کو صبر عطا فرمائے۔
بعدازاں وزیراعظم نے گاؤں کا نام شہید کیپٹن فراز الیاس کے نام سے منسوب کر دیا اور شہید کے گاؤں کو ماڈل ویلج بنانے کا بھی اعلان کیا۔
سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں: لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ
دھماکے میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔















