Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گرمی کے پیش نظر ملک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ملک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے، نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری صرف اور صرف بین الاقوامی معیار کی خصوصیات کے مطابق ہو۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بجلی چوری کی روک تھام اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضال اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی تنظیم نو کے عمل میں اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اوور بلنگ کے ضمن میں یکم اپریل سے 30 مئی تک 134 مقدمات درج اور 90 ملازمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم نے ملک میں اوور بلنگ کے سدباب کی سختی سے ہدایت کردی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں آئیندہ سال کے ترقیاتی بجٹ میں 124611 ٹرانسفارمرز کی میٹرنگ کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے IESCO کے ایک تہائی صارفین سمارٹ میٹرز پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں ملکی سطح پر بجلی کی طلب و رسد اور لوڈ شیڈنگ کے رجحانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بہتر ریکوری والی علاقے لوڈشیڈنگ فری، جبکہ بجلی محکموں کے نادہندہ اور بجلی چوری کے علاقوں میں صرف جزوی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو انسداد بجلی چوری مہم کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے انسداد بجلی چوری مہم کامیابی سے جاری ہے۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ انسداد بجلی چوری مہم میں 7 ستمبر 2023 سے اب تک 160004 ایف آئی آر درج، 79885 لوگ گرفتار اور 448 ملازمین معطل کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نے بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایت کے بروقت اندراج کے لیے تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے مؤثر اور متحرک نظام قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ملک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے، نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری صرف اور صرف بین الاقوامی معیار کی خصوصیات کے مطابق ہو۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے عالمی سطح پر رائج جدید نظام سے استفادہ لیا جائے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی ہدایت دے دی۔

متعلقہ خبریں