Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لکی مروت: شہید فوجی جوانوں کی مکمل اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ و تدفین

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 5 جوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نماز جنازہ و تدفین میں حاضر سروس افسران وجوان، شہداء کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 9 جون 2024 کو ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے صوبیدار میجر محمد نذیر (عمر: 50 سال، ساکن ضلع سکردو)، لانس نائیک محمد انور (عمر: 34 سال، ساکن ضلع گانچھے)، لانس نائیک حسین علی (عمر: 36 سال، ساکن ضلع غذر)، سپاہی اسد اللہ (عمر: 33 سال، ساکن ملتان)، سپاہی منظور حسین (عمر: 27 سال، ساکن ضلع گلگت)، سپاہی راشد محمود (عمر:31 سال، ساکن ضلع راولپنڈی) کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

متعلقہ خبریں