اسلام آباد: دہشت گرد خوارج کے خلاف پاک فوج نے حال میں ہی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پچھلے کچھ عرصے میں افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کیخلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کیں، بر وقت انٹیلیجنس کی بدولت عید الفطر کے بعد، ٹی ٹی پی کے ناپاک عزائم اور منصوبے آشکار ہونا شروع ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لیے یکم اپریل 2024 سے 10 جون 2024 تک خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7,745 آپریشنز کیے جبکہ خیبر پختونخواہ میں 2,701، بلوچستان میں 4,902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کیے گئے۔
ان آپریشنز کے دوران 181 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، خیبر پختونخوا میں 128، بلوچستان میں 51 اور سندھ میں 2 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
صرف مئی کے مہینے میں بلوچستان میں 12 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ خیبر پختونخوا میں 42 کو ہلاک کیا گیا جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے مئی کے مہینے میں 61 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا، ہلاک دہشت گردوں کو سرحدپار سے دراندازی کی کوششوں کے دوران جہنم واصل کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی شہری علاقوں میں اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہی، ناکامی کو چھپانے کیلئے ٹی ٹی پی نے قبائلی علاقوں کی غریب عوام کو اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر مجبور کیا اور نشانہ بنایا۔
اس کے علاوہ باجوڑ، دیر اور چترال کے علاقوں میں بر وقت خفیہ اطلاعات کی بنا پر کم از کم 20 گنا دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنادیا گیا جبکہ بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والا ٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جا چکا ہے، بشام حملے میں ملوث دہشت گرد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں پر ژوب بارڈر سے دراندازی کے دوران گھات لگا کر حملہ کیا جس میں7 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 2 کو گرفتار کر لیا گیا،
ڈی آئی خان اور ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں گھات لگا کر 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے شیخ بدین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائی کر کے 11 دہشت گرد جہنم رسید کیے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں پشین اور قلعہ عبداللہ میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 1 کو گرفتار کر لیا۔
گزشتہ ماہ کے دوران ایک افغان شہری سمیت 2 خودکش حملہ آوروں کو ان کے ہینڈلرز سمیت دراندازی کرتے ہوئے گرفتار اور ان کی نشاندہی پر خودکش جیکٹس بھی برآمد کر لی گئیں، سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران بلوچستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد بشمول 4 خودکش جیکٹس اور 14 آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔
کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے ٹی ٹی پی کا محرم پر حملوں کا بڑا منصوبہ ناکام کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا، ٹی ٹی پی کی قیادت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پے درپے حملوں سے پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔
قوم کی مکمل حمایت سے سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کی سرزمین پر ٹی ٹی پی یا کسی دوسرے دہشت گرد گروپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔















