وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے میں آسانی کے حوالے سے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم نے آسان کاروبار ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ون ونڈو آپریشنز کے تحت کاروباری اور تاجر برادری کے لئے دستاویزی مراحل آسان کئے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے شہر شینزین کے ون اسٹاپ شاپ کی طرز پر تجرباتی (پائلٹ) سہولت مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین سے معاونت حاصل کی جائے۔
اجلاس کو وزیراعظم کو آسان کاروبار اور دیگر اقدامات پر بریفنگ دی گئی، کاروبار کی رجسٹریشن ، لائیسنسز سرٹیفیکیٹس اور دیگر دستاویزات کے لئے الیکٹرانک رجسٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
بریفنگ میں شرکا کو بتایا گیا کہ آن لائین ون ونڈو پاکستان بزنس پورٹل کا نظام متعارف کروایا جائے گا جس سے کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کی خدمات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی، اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن مرکز کے قیام کے لئے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔



















