سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ گھوٹکی میں شہید صحافی نصراللہ گڈانی کی تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔
صوبائی وزیر ناصر شاہ نے شہید صحافی نصراللہ گڈانی کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ شہید صحافی کے خون کے ساتھ انصاف ہو، قاتل کتنے بھی با اثر ہوں ہم چاہتے ہیں ان کو سزا ملے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج وزیراعلیٰ سندھ اور پارٹی چیئرمین کے حکم پر یہاں پہنچا ہوں، کہا ہے اگر یہاں کے آفیسر کی تفتیش سے مطمئن نہیں تو نام دیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ جس آفیسر کا نام دیں گے اس سے تفتیش کرائی جائے گی، چاہتے ہیں صحافی کے قاتلوں کو سخت سزا ملے۔
صوبائی وزیر ناصر شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آزادی صحافت اورقانون پرعملدرآمد چاہتی ہے، انتظامیہ سے بات ہوئی ہے دیگر نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔



















