پاکستان کی دعوت پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے وزیر اور سینٹرل کمیٹی کے رکن لیو جیان چاؤ پاکستان کا 3 روزہ دورہ کررہے ہیں۔
چینی وزیر لیو جیان چاؤ کل سے 22 جون تک پاکستان کا دورہ کریں گے، چینی وزیر دورہ پاکستان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ پاک چین سیاسی جماعتوں سمیت متعلق مشترکہ مشاورتی میکنزم جے سی ایم کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
چینی وزیر لیو جیان چاؤ کی پاکستان کی اعلی سیاسی وعسکری قیادت کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوں گی، پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق جے سی ایم کا قیام 2019 میں عمل میں لایا گیا تھا۔
جے سی ایم برائے سی پیک چین کی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان باقاعدگی سے مشاورت کا میکنزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جے سی ایم کے تیسرے اجلاس میں پاکستان اور چین سی پیک پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ جے سی ایم اجلاس میں پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی، اپگریڈیشن اور علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے سی پیک کے کردار کا اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ تیسرا جے سی ایم اجلاس پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطوں کا حصہ ہے۔



















