کراچی: شہر قائد میں ایدھی سرد خانے فل ہوگئے ہیں۔
فیصل ایدھی کے مطابق ایدھی سرد خانوں میں گزشتہ چار روز کے دوران 427 لاشیں لائی گئیں، شہر کے سرد خانوں میں گنجائش سے زیادہ لاشیں موجود ہیں۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ سرد خانوں میں 427 میں سے 20 سے زائد لاشوں کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے، لواحقین اگر لاشیں نہیں لے کر گئے تو انہیں دفنا دیا جائے گا۔
فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ انتقال کس وجہ سے ہوا یہ اسپتال ہی بتا سکتا ہے لیکن لاشیں زیادہ تر ان علاقوں کی ہیں جہاں لوڈ شیڈنگ زیادہ ہورہی ہے۔
دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ سخت گرمی اور بجلی کی بندش شہریوں کی بیماریوں کی وجہ بن رہی ہے، گرمی سے متاثر افراد چند دنوں میں زیادہ اسپتال لائے گئے ہیں۔



















