اسلام آباد: وفاقی ریاستی ملکیتی اداروں میں مالی نقصانات کی رپورٹ سامنے آگئی۔
دستاویز کے مطابق وفاقی ریاستی ملکیتی اداروں میں خسارے کا شکار اداروں کے سالانہ نقصانات 905 ارب تک پہنچ گئے ہیں جب کہ مالی سال 2022-23 میں نقصانات میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ توانائی شعبے نے 304 ارب کے نقصانات کیے، حکومت نے توانائی سمیت کئی اداروں کو 1021 ارب روپے کی مالی مدد دی۔
تقسیم کار کمپنیوں سمیت توانائی شعبے پر759 ارب روپے خرچ کیے گئے، 10 سال میں ریلویز، این ایچ اے کے نقصانات 5 ہزار 595 ارب سے تجاوز کرگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال بعض سرکاری اداروں نے 703 ارب منافع بھی کمایا، اس کے نتیجے میں نیٹ نقصانات 202 ارب روپے کی سطح پر آگئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری اداروں کے اثاثوں کی بک ویلیو 35 ہزار 218 ارب روپے رہی، سرکاری اداروں کے ذمہ واجبات 20 فیصد اضافہ سے 29 ہزار 721 ارب ریکارڈ کیے گئے۔



















