Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عدالت کا شیخ رشید پر کراچی میں درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر کراچی میں درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کے خلاف کراچی اور دیگر شہروں میں درج مقدمات سے متعلق درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے 41 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ایک واقعہ کی متعلقہ پولیس اسٹیشن کے علاوہ دوسری ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی، آئینی عدالتوں کی زمہ داری ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔

عدالت نے کہا کہ شیخ رشید پر بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر کراچی کے علاقے کیماڑی میں مقدمہ درج ہوا، شیخ رشید کے کیس میں واقعہ اسلام آباد پولی کلینک کا تھا اس لئے عدالتی دائرہ اختیار ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ شیخ رشید کے خلاف کراچی کے پولیس اسٹیشن موجکو کیماڑی کا مقدمہ خارج کیا جاتا ہے، سیاسی مخالفین پر ایک ہی الزام پر ملک کے مختلف حصوں میں مقدمات درج کروائے جاتے ہیں، سیاسی مخالفین کو اس طرح ہراساں کرنا، قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عدالتی معاونین اور پولیس نے بتایا اسلام آباد کے واقعہ کی ایف آئی آر باقی صوبوں میں ہونا درست نہیں ہے، پشاور ، لاہور ، لسبیلہ کے مقدمات پولیس نے اسی بنیاد پر کینسل کر دیئے۔

عدالت نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ صغری بی بی کیس کے مطابق ایک ہی وقوعے کے مختلف مقامات درج نہیں ہو سکتے ۔

متعلقہ خبریں