صدر مملکت آصف علی زرداری نے فنانس بل 25-2024 پر دستخط کردیے جس کے بعد نیا بجٹ کل سے نافذ العمل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے گزشتہ روز فنانس بل ایوان صدر کو بھجوایا گیا تھا، صدر آصف علی زرداری نے فنانس بل کی توثیق کردی۔
صدر آصف علی زرداری نے فنانس بل 25-2024 پر دستخط کردیے، صدر پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر فنانس بل کی منظوری دی، آئندہ مالی سال کا بجٹ کل سے نافذ العمل ہوگا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے دو روز قبل اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 18ہزار 877 ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کیا تھا۔
فنانس بل 25-2024 کی منظوری کے بعد ایوان میں ضمنی مطالبات زر کی منظوری دی گئی، قومی اسمبلی نے رواں مالی سال کے لیے 477 ارب چار کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کے 25 مطالبات زر منظور کرلیے۔
واضح رہے کہ حکومت نے 2 ہفتے قبل رواں مالی سال کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا، اس دوران اپوزیشن جماعتوں خصوصاً سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی نے بجٹ پر شدید تنقید کی تھی۔



















