Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نمبر پلیٹس کی نیلامی 

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نمبر پلیٹس کی نیلامی کی گئی ہے۔ 

وزیر ٹرانسپورٹ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیلامی سے حاصل رقم سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر میں لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سیلاب متاثرہ لوگوں کی امداد، ان کی زندگیوں کی تعمیر نو کے لیے مسلسل کوشاں ہے، مجموعی طور پر 2 ہزار 251 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بہت جلد پریمئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا، آئندہ نیلامی سے تعمیر نو کی جاری کوششوں میں مزید مدد کیلئے اضافی وسائل پیدا ہونے کی امید ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نہ صرف نئے گھروں کی تعمیر بلکہ ضروری انفراسٹرکچر کی بحالی، طبی امداد اور معاشی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔

محکمہ ایکسائز سندھ نے 40 نمبر پلیٹس کی نیلامی سے 67 کروڑ 54 لاکھ روپے جمع کرلیے۔ پریمیئم نمبر 1 کی نیلامی 10 کروڑ میں ہوئی، نمبر 5 کی نیلامی 5 کروڑ 30 لاکھ، نمبر7 کی نیلامی 4 کروڑ 60 لاکھ، نمبر8 کی نیلامی 4 کروڑ 10 لاکھ، نمبر9 کی نیلامی 4 کروڑ روپے میں ہوئی۔

متعلقہ خبریں