سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں سینئروزیرناصر شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گورنرسندھ فوری طور پرمستعفی ہوجائیں، ہم نہیں چاہتے صوبے میں مزید الزامات کی سیاست ہو۔
سینئرصوبائی وزیرشرجیل میمن نے کہا کہ خالد مقبول کا کوٹا سسٹم کی بات کرنا مناسب نہیں، ایم کیو ایم پاکستان کو نفرت اور تعصب کی سیاست کا شوق چڑھا ہے، سندھ کے بیشتر مسائل کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے، کوٹا سسٹم بہت سوچ سمجھ کر لایا گیا تھا، تاکہ دور دراز علاقوں کو موقع ملے۔
سینئرصوبائی وزیرنے کہا کہ ہم نہیں چاہتے نفرت کی سیاست کو بڑھائیں، شہید ذوالفقار بھٹو کیخلاف بات کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ معافی مانگے، متحدہ نفرت انگیز اور تعصب کی سیاست کا باب بند کرے، ہم نہیں چاہتے آپ نفرت اور بدتمیزی کی سیاست بڑھائیں۔



















