راولپنڈی: پاکستان اور امریکہ کے درمیان انفنٹری رائفل کمپنی ایکسچینج مشقیں 2024 کا انعقاد ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان مشترکہ مشقیں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہونے والی مشقوں میں ایک دوسرے کی مہارت سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک امریکہ انفنٹری رائفل کمپنی ایکسچینج ایکسرسائز کا مقصد انسداد دہشت گردی کے لیے سب یونٹ لیول پر ایک دوسرے کی مہارت سے استفادہ کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جون سے شروع ہونے والی مشقیں دو ہفتے پر محیط ہیں، تاہم مشقوں میں پاکستان اور امریکہ کی انفنٹری کمپنیز حصہ لے رہی ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے لیے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مشقوں کے دوران شہری علاقوں میں لڑائی کے لئے سب یونٹ لیول پر بہترین طریقہ کار میں مہارت کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مشترکہ مشقوں کی افتتاحی تقریب میں جنرل افیسر کمانڈنگ کھاریاں چھاؤنی نے بھی شرکت کی۔















