اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام ملک کی بڑی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام سیاسی جماعتیں قومی معاملے پر یک زبان ہونا ہوگا۔
لاہور میں ایجوکیشن ایکسپو کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں کتاب کی اہمیت زیادہ بڑھ گئی ہے، ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کوئی ایسی کتاب نہیں جسے ہاتھ میں اٹھاکر پھرتے رہیں، یا اس پر قسم کھالیں، آئین کو لیکر گھومنے کا کوئی فائدہ نہیں، اس پر اصل شکل میں عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جب کہ آپریشن عزمِ استحکام ملک کی بڑی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپوزیشن کو آئین کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنےکا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کی حرمت کا احترام کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، ملک کا اعلیٰ ترین فورم پارلیمنٹ ہے۔



















