Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے لئے 10 ارب روپے منظور

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے لئے 10 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی۔

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 23 اسکیموں کی منظوری دی گئی، فنڈز کی منظوری مالی سال 25-2024 کے چوتھے اجلاس میں دی گئی جب کہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل اعوان نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے لئے 10 ارب روپے کی منظوری دی گئی، ایگری کلچر اور روڈز سیکٹر کی 23 اسکیموں کے لئے 77 ارب روپے کے فنڈز بھی منظور کیے گئے۔

پنجاب میں ماڈل ایگری کلچر مالز کے قیام کے لئے 1 ارب 25 کروڑ کی منظوری دی گئی جب کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں روڈز سیکٹر کی 21 ترقیاتی اسکیموں کے لئے 67 ارب منظور ہوئے۔

منظور شدہ فنڈز سے مری، گجرات اور حافظ آباد میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی جب کہ راولپنڈی، چکوال، اٹک اور جہلم کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی بھی منظوری دی گئی۔

روڈز کی بحالی کے پروگرام میں خوشاب، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع شامل ہیں جب کہ نارووال، قصور، پاکپتن اور چنیوٹ میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کے لئے بھی فنڈز منظور کیے گئے۔

متعلقہ خبریں