مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47 حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے اور وفاقی ، صوبائی وزرا شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری میں توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔
مخصوص نشستوں اور عدت نکاح کیس میں پی ٹی آئی کے بانی کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد حکومتی وزرا کی جانب سے مختلف بیانات سامنے آئے تھے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وفاقی وصوبائی وزرا کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بدحواسی کے عالم میں جعلی حکومت کے جعلی نمائندے شیڈول پریس کانفرنسز میں عدلیہ کیخلاف زہر اگل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے جعلی نمائندوں کی ٹی وی سکرین پر چیخیں نکل رہی ہے، جعلی حکومت کے وزرا بے جا تنقید سے ملک کی عدلیہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا کہ جعلی سرکار نے اس سے پہلے عزم استحکام جیسے اہم قومی سلامتی معاملے پر بھی سیاست چمکائی تھی، اب عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر اثرانداز ہونا شہباز شریف کا پرانا وطیرہ ہے، سپریم کورٹ پر حملہ بھی مسلم لیگ کے ٹریک ریکارڈ کا حصہ ہے، اقتدار بچانے کی خاطر یہ ٹولہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ شیڈول پریس کانفرنسسز کا مقصد ٹی وی سکرین پر قبضہ جمانا ہے، مقصد عدلیہ کے خلاف بیانیہ بنانا سمیت مخالف کی رائے دبانا ہے، خاور مانیکا جیسے بدنام زمانہ شخصیت کو بھی پی ٹی وی سمیت تمام چینلز پر گھنٹوں لائیو کوریج دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو مناسب کوریج نہیں دی جاتی، فارم 47 حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنا انجام صاف نظر آرہا ہے، جعلی فارم 47 حکومت کے تابوت میں آخری کیل وزیراعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور ٹھوکیں گے۔



















