Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈیرہ اسماعیل؛ دیہی ہیلتھ سینٹر پر حملے میں شہید جوانوں کی نماز جناز ادا

راولپنڈی: ڈیرہ اسماعیل میں دیہی ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید جوانوں کی نماز جناز ادا کردی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل کے علاقے کری شموزئی میں دیہی ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد فاروق شہید اور سپاہی محمد جاوید اقبال شہید کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید صوبیدار محمد فاروق کی عمر 44 سال جب کہ وہ ضلع نارووال کے رہنے والے تھے، سپاہی محمد جاوید اقبال شہید کی عمر 23 سال اور وہ ضلع خانیوال کے رہنے والے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ شہداء کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، عوام اور شہداء کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہے، جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ مادرِ وطن سے دہشت گردی کی لعنت اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

متعلقہ خبریں