Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سیلزٹیکس ریفنڈزکی ادائیگی میں کوئی تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، غیرقانونی ریفنڈزکی واپسی کیلئے حکمت عملی بنائی جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیومیں اصلاحات اورڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو ان لینڈریونیواورکسٹمزمیں اصلاحات، ایف بی آرکی ڈیجیٹائزیشن کےحوالے سے گزشتہ 8 ہفتوں کی پیشرفت پربریفنگ دی گئی۔

ڈیجیٹائزیشن کاعمل عالمی شہرت کے حامل کنسلٹنٹ کی زیرنگرانی کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ دی گئی کہ ایف بی آرڈیجیٹائزیشن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ 4 مہینوں میں ٹیکس ریفنڈ میں 800 ارب روپے کا فراڈ پکڑا گیا، ٹیکس ریفنڈ کا نظام مزید بہتربنائیں گے، ایف بی آرمیں اصلاحات سے محصولات میں اضافہ ممکن ہے، ایف بی آرکے کئی منصوبوں میں غیرضروری تاخیر افسوناک ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکس کے حوالے سے 3.2 کھرب کے 83579 مقدمات زیرالتوا ہیں، ٹیکس مقدمات کے حل کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 4 مہینوں میں تقریباً 44 ارب روپے کے 63 مقدمات نمٹائے گئے، ٹیکس دینے کی استطاعت رکھنے والے 49لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ ان 49 لاکھ افراد میں سرمایہ داروں کوٹیکس نیٹ میں لایا جائے، غریب طبقے پراضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ تاجردوست موبائل فون ایپ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ ریٹیلرزرجسٹرہوچکے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نظام کومزید فعال بنانے کیلئے ریٹیلرزکے ساتھ مشاورت جاری رکھی جائے، انھوں نے ایپلیٹ ٹریبیونلزکی تعداد 100 تک بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کے دوران انھوں نے کسٹمز کے مقدمات کے حوالے سےبھی ایپلیٹ ٹریبیونلزکی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی اورٹیکس ایپلیٹ ٹریبیونلزکی کارکردگی جانچنے کیلئے ڈیش بورڈ تیارکرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلزٹیکس ریفنڈزکی ادائیگی میں کوئی تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، غیرقانونی ریفنڈزکی واپسی کیلئے حکمت عملی بنائی جائے اورٹیکس دہندہ کیلئے سنگل سیلزٹیکس سسٹم کولاگو کیا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے گوادربندرگاہ میں بھی اے ای ای ایس نظام کے نفاذ کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سنگل سیلزٹیکس ریٹرن نظام لایا جا رہا ہے، ٹیلی کام سیکٹرسےاس نظام کانفاذ کیا جا چکا ہے، ایف بی آرملک بھرکی ریونیواتھارٹیزسےمنسلک ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں