Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاقی حکومت نے 3 سالہ معاشی پلان جاری کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وسط مدتی بجٹ اسٹریٹجی پیپر کے تحت معاشی اہداف مقرر کردیا۔

وفاقی حکومت نے وسط مدتی بجٹ اسٹریٹجی پیپر کے تحت معاشی اہداف مقرر کردیا ہے جب کہ معاشی پلان کے تحت معاشی شرح نمو میں اضافہ، مہنگائی اورمالیاتی خسارہ کم کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں اور نان ٹیکس آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا، رواں مالی سال جی ڈی پی کا ہدف 3.6 فیصد رکھا گیا ہے جب کہ مالی سال 26-2025 کے لئے جی ڈی پی 4.8 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی سال 27-2026 کے لئے جی ڈی پی 5.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی ہے، رواں مالی سال برآمدات کا ہدف 32 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زیادہ رکھا گیا ہے جب کہ مالی سال 26-2025 میں برآمدات 35 ارب ڈالر سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی ہے۔ مالی سال 27-2026 میں برآمدات 38 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف، رواں مالی سال درآمدات کا ہدف 57 ارب ڈالر سے زیادہ رکھا گیا ہے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ مالی سال 26-2025 میں درآمدات 62 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گی، مالی سال 27-2026 میں درآمدات 67 ارب ڈالرسے تجاوز کرجائیں گی، مالی سال 27-2026 ایف بی آر محصولات کا ہدف 18 ہزار ارب روپے تک رکھنے کی پیش گوئی ہے جب کہ مالی سال 26-2025 میں ایف بی آرمحصولات ساڑھے 15 ہزار ارب روپے ہونے کی پیش گوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 27-2026 تک نان ٹیکس آمدنی کا ہدف 4 ہزار ارب روپے سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی ہے، مالی سال 26-2025 میں نان ٹیکس آمدنی 3851 ارب تک اکٹھی ہونے کی پیشگوئی ہے، مالی سال 2027 تک اوسط مہنگائی کا ہدف 7 فیصد مقرر ہے جب کہ مالی سال 2027 تک کُل وفاقی اخراجات کا تخمینہ 21 ہزار 218 ارب روپے لگا دیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ 3 سال میں صوبائی سرپلس بجٹ کا تخمینہ 1800 ارب روپے کرنے کا ہدف ہے، مالی سال 2027 تک مجموعی مالیاتی خسارہ 4.9 فیصد تک مقرر کرنے کا ہدف ہے، مالی سال 2027 تک پیٹرولیم لیوی کا ہدف 1438 ارب روپے مقرر ہے جب کہ مالی سال 2027 تک سود کی ادائیگیوں کا ہدف 10 ہزار 238 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ مالی سال 2027 تک دفاعی اخراجات کا تخمینہ 2578 ارب روپے لگادیا گیا، مالی سال 2027 تک گرانٹس 2197 ارب، سبسڈیز کا ہدف 1569 ارب مقرر کرنے کا ہدف ہے جب کہ مالی سال 2027 تک پینشن کے اخراجات کا تخمینہ 1341 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں