Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی بات پر میرا مذاق اڑایا گیا، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی بات پرمیرامذاق اڑایا گیا، نوازشریف کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی۔

اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کاسنگ بنیاد رکھا ہے، جناح میڈیکل خطے میں شاندارعلاج ومعالجے کا سینٹرہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل سینٹرکے پی، آزاد کشمیر، جی بی کے بھائیوں کے لیے بھی ہے، مخلوط حکومت کا یہ تحفہ صرف جڑواں شہروں کے لیےنہیں ہے، یہ صرف اسپتال نہیں، یہاں نرسنگ اسکول، میڈیکل سینٹرزبنیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے معرض وجود میں آتے ہی پہلے دن سے کام شروع کیا، پرنس آغاخان نےاسپتال کی تکنیکی معاونت بطورتحفہ حکومت کو دی، اشرافیہ دنیا میں جہاں چاہے مہنگا ترین علاج کراسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عام آدمی کے لیے وسائل نہیں ہیں، وہ علاج کے لیے کہاں جائے گا؟نوازشریف کی قیادت میں پنجاب کےتمام اسپتالوں میں علاج مفت تھا، نام نہاد منصف نے سازش کرکے پی کے ایل آئی کوتباہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی سے پہلےعلاج پر50،50لاکھ روپے خرچ ہوتے تھے، پی کے ایل آئی میں غریب کاعلاج بالکل مفت ہوتا ہے، پی کےایل آئی بننے سے پہلے لوگ علاج کے لیےبیرون ملک جاتے تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی ترقی کے معاملے پرسیاست نہیں کرنی چاہیے، اس زمانے کی حکومت نے پی کے ایل آئی بورڈ کوختم کیا، کورونا کے زمانےمیں پی کے ایل آئی مرکزی سینٹربن گیاتھا، معاشی وسیاسی استحکام ہواتوکمپلیکس سال میں مکمل ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی بات پرمیرامذاق اڑایا گیا، نوازشریف کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی، جدیدترین سہولتیں جناح میڈیکل کمپلیکس میں دستیاب ہوں گی، جناح میڈیکل کمپلیکس ایمرجنسی میں ایئرایمبولینس کاانتظام ہوگا۔

متعلقہ خبریں