وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ 2023 کے مقابلے 2024 کے دوران ٹیکس وصولی میں 30 فیصد اضافہ ہوا، اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب تاجروں نے پہلی بارٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کروایا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے موڈیزریٹنگزکے نمائندوں کے ساتھ زوم میٹنگ کی، زوم میٹنگ میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام کی بھی شریک تھے۔ وزیرخزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق موڈیزنمائندوں کوآگاہ کیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی کامیاب تکمیل سے متعلق بتایا۔
وفاقی وزیرخزانہ نے ملک کے مثبت معاشی اشاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے کہا کہ جون 2024 میں پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 9.4 بلین امریکی ڈالرتک ہوگئے، اسٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی مثبت معاشی رجحان کی عکاس ہے۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی حساس اعشاریوں میں افراطِ زرشرح 12.6فیصدپرآ گئی، غیرملکی ترسیلات زر میں 7.7 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
محمداورنگزیب نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے حکومتی عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے مقابلے 2024 کے دوران ٹیکس وصولی میں 30 فیصداضافہ ہوا، اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب تاجروں نے پہلی بارٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کروایا۔
وفاقی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ آئی ٹی برآمدات 3 بلین امریکی ڈالرسے تجاوزکرگئی ہیں، موڈیزریٹنگزکے نمائندوں نے پاکستان کے معاشی اقدامات کوسراہا۔



















