لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
کسانوں کو بجلی کے بھاری بلوں اور ڈیزل کے اخراجات سے نجات دلانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انیہں زرعی ٹیوب ویل کی سولر رائزیشن پر بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
علاوہ ازیں اجلاس میں وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری زراعت اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ویجیٹل فارمرز کے لئے بھی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی گئی جب کہ ٹماٹر اور پیازسمیت دیگر ضروری سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ کا پائیدار سسٹم وضع کرنے کا حکم دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں گے، ڈیزل اورمہنگی بجلی سے چھٹکارا ملنے پر فصل کی لاگت میں کمی آئے گی۔ کسان خوشحال ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔
بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ 25 ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکار زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کے اہل ہوں گے، سولررائزیشن پراجیکٹ کے لئے کاشتکار کو صرف 33 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کی67 فیصد ادائیگی حکومت کرے گی، پہلے مرحلے میں 7 ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کئے جائیں گے جب کہ وفاقی حکومت کے اشتراک سے دوسرے مرحلے میں مزید 10ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل ہوں گے۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ڈیزل سے ٹیوب ویل چلانے پر فی ایکڑ اخراجات 3 ہزار اور بجلی سے 1500 روپے خرچ ہوتے ہیں جب کہ سولر انرجی سے ایک ایکڑ کی آبپاشی پر صرف 50 روپے خرچ ہوں گے-



















