اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے خلیج تعاون کونسل ممالک کے کاروباری شخصیات کے لئے ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ویزا رجیم میں نرمی انتہائی مثبت پیشرفت ہے، سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاست کے فروغ کے لئے یہ اہم قدم ہے۔
خلیج تعاون کونسل ممالک کے کاروباری شخصیات کے لئے ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ منظوری سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع بڑھیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 126 ممالک کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو ویزا جاری کیا جائے گا، ان ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے پاکستان سیاحت کے لئے پُرکشش مقام بنے گا، مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے خصوصی سہولیات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ویزا آن آرائیول کی سہولت کے لئے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ویزا پالیسی سے معیشت مستحکم، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ ویزا رجیم پالیسی پر متعلقہ وزارتوں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔



















