کراچی: جماعت اسلامی کے تحت آج گورنر ہاؤس پر دھرنا دیا جائے گا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
جماعت اسلامی کے کارکنان مسجد خضراء پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں، کچھ دیر میں شرکاء ریلی کی شکل میں گورنر ہاؤس جائیں گے، جماعت اسلامی گورنر ہاؤس پر دھرنا دے گی۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق یہ دھرنا شہر میں لوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں دیا جائے گا۔
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ گورنر ہاؤس پر دھرنا راولپنڈی دھرنے کا تسلسل اور اس سے اظہار یکجہتی کے لیے دیا جارہا ہے جب کہ دھرنے کی تیاریاں و انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان گورنر ہاؤس پر دھرنے کے شرکاء سے اہم خطاب کریں گے۔



















