راولپنڈی: پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے سی ایم ایچ پشاور میں جام شہادت نوش کیا۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود 9 اگست کو خیبر کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ خیبر کی وادی میں 3 مختلف مقامات پر خوارج اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں اپنے دستے کی قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شدید زخمی ہوئے، لیفٹیننٹ عزیر محمود سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کی عمر 24 سال 8 ماہ تھی جبکہ ان کا تعلق ضلع اٹک سے ہے۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے 3 سال 7 ماہ تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔















