راولپنڈی: وادی تیراہ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں شہادت کےعظیم رتبے پر فائز ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید (عمر: 24 سال، رہائشی ضلع اٹک) کو اپنے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
شہید کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ 9 اگست کو خیبر کی وادی میں 3 مختلف مقامات پر خوارج اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں اپنے دستے کی قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شدید زخمی ہوئے، لیفٹیننٹ عزیر محمود سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کی عمر 24 سال 8 ماہ تھی جبکہ ان کا تعلق ضلع اٹک سے ہے۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے 3 سال 7 ماہ تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔















