راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اگست 2024 کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والوں کی جنازہ ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حوالدار نثار حسین شہید، نائیک راشد گل شہید، نائیک عرفان اللہ خان شہید اور سپاہی عثمان رفاقت شہید کو اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔















