آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالرقرض کی حتمی منظوری میں تاخیر کے منفی اثرات، دستاویز کے مطابق پاکستان کوملنے والی بیرونی مالی معاونت بھی سست روی کا شکارہوگئی۔
دستاویز میں کہا گیا کہ پاکستان کوجولائی میں صرف 43 کروڑ 63 لاکھ ڈالرزکی بیرونی مالی معاونت ملی۔ رواں مالی سال 19 ارب 21 کروڑ ڈالرز ہدف کے مقابلے 2.2 فیصد قرض مل سکا۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 2 ارب 89 کروڑڈالرزکا بیرونی قرض ملا تھا، جولائی میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے ذریعے 12 کروڑ 77 لاکھ ڈالرزموصول ہوئے۔ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 20 کروڑ10 لاکھ ڈالرزقرض فراہم کیا۔
اقتصادی امورڈویژن کی دستاویزمیں کہا گیا کہ گزشتہ ماہ مختلف ممالک نے 10 کروڑ 76 لاکھ ڈالرزفراہم کیے، عالمی بینک نے پاکستان کو 11 کروڑ 18 لاکھ 80 ہزارڈالرزقرض فراہم کیا۔
اقتصادی امورڈویژن کے مطابق چین نے پاکستان کو 9 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزارڈالرزقرض فراہم کیا، اے ڈی بی نے 5 کروڑ40لاکھ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا، انٹرنیشنل بینک فارری کنسٹریکشن نے 2 کروڑڈالرزسے زائد فراہم کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جرمنی نے 35 لاکھ ڈالر، سعودی عرب نے 26 لاکھ 90 ہزارڈالرزقرض دیا، پاکستان کو اس دوران ایک کروڑ ڈالرز سے زائد کی گرانٹ بھی حاصل ہوئی۔
دستاویز میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ نے سب سے زیادہ 44 لاکھ 42ہزارڈالرزکی گرانٹ فراہم کی، پاکستان کو مختلف منصوبوں کیلئے 42 کروڑ 59 لاکھ ڈالرزقرض فراہم کیا گیا۔



















