اسلام آباد: ڈیلی میل نے بڑی خبر لگا دی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی انٹرنیشنل میڈیا کے نشانے پر آگئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی ڈیلی میل کی سرخیوں میں بنے رہے، ان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کے فیصلے پر عالمی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کیلئے نامناسب امیدوار قرار دے دیئے گئے ہیں جبکہ آکسفورڈ یونیورسٹی کو غم وغصے سے بھری ای میلز اور احتجاجی پٹیشن موصول ہوئی ہیں۔
ڈیلی میل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں سخت اشتعال اور مظاہرے کیا گیا ہے۔
ڈیلی میل نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ای میل کے ذریعے نامناسب امیدوار قرار دیا گیا ہے جبکہ ڈیلی میل نے سرخیوں میں ڈس گریسڈ وزیراعظم کا خطاب دے دیا ہے۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کیسز میں سزا یافتہ شخص کا آکسفورڈ یونیورسٹی جیسے بڑے تعلیمی ادارے کے چانسلر کا الیکشن لڑنا قابل قبول نہیں۔
طالبان اور اسامہ بن لادن کی پرجوش حمایت پر مبنی بانی پی ٹی آئی کا شدت پسند مؤقف چانسلر کا امیدوار بننے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن گیا۔
ڈیلی میل کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کئی مواقعوں پر طالبان کی حمایت اور ان کے شدت پسند ایجنڈے کا پرچار کیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف یونیورسٹی کو موصول پٹیشن میں اس طرح کے مزید ذاتی اور پبلک مفادات سے متصادم باتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی نجی زندگی پر بھی کئی داغ موجود ہیں، خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی پر متاثرہ خواتین کے لباس کو ہو مورد الزام ٹھہرانا بھی عوام کا نقطہ احتجاج بن گیا، خواتین کا مختصر لباس ان کی آبرو ریزی کے واقعات کی بڑی وجہ ہے، ایسے لباس کے اثرات صرف روبوٹس پر نہیں ہوتے، شہریوں نے بانی پی ٹی آئی کا پرانا مؤقف آکسفورڈ یونیورسٹی کو یاد کرا دیا۔
تحریک انصاف کے سپورٹرز پر بانی پی ٹی آئی کے مخالفین کو ہراساں کرنے کا بھی الزام ہے، مخالفین نے شکایت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حامی اس پر تنقید کو روکنے کیلئے سوشل میڈیا ٹرولنگ سے کام لے رہے ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کی انسانیت کے احترام، اخلاقی اقدار اور لیڈر شپ کے اعلیٰ معیار کے حوالے سے قابل قدر تاریخ ہے، بانی پی ٹی آئی کا چانسلر کا الیکشن لڑنا اسے داغدار کر دے گا۔
پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کا حامی ہے قومی اسمبلی سے خطاب میں اس نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا۔















