ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 دن کی بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، سالڈ ویسٹ بورڈ، نام نہاد بلدیاتی نمائندے کہیں نظر نہیں آ رہے ہیں۔
علی خورشیدی نے کہا کہ شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، شہری اپنے دفاتر اور گھر پہنچنے کیلئے سڑکوں پر پریشان ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قابض میئرکراچی، جماعت اسلامی کے ٹاؤن میئرز کمروں میں بیٹھے ہیں، پی پی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے شہر پر قابض ہیں، بلدیاتی نمائندوں میں کرپشن کا مقابلہ چل رہا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کا مزید کہنا تھا کہ بارش کے پانی سے شہریوں کا جینا محال ہے، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کی بدترین کارکردگی سامنے آ گئی ہے۔



















