وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سب سے درخواست ہے کہ سیاستدانوں پر تنقید کریں لیکن فوج پر نہ کریں۔
اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنی جان دینا کوئی معمولی بات نہیں ہے، آپ ایسا کر کے دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے ہماری خاطر اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیاں قربان کیں، سب سے زیادہ افسوس شہید کرنل شیرخان کے مجسمے کی بے حرمتی پر ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید کی بہادری اور جرأت کا اقرار دشمن فوج نے بھی کیا، آج ہم نے کیا کیا، اس بہادرسپوت کا مجسمہ غلاظت میں پھینک دیا۔
وزیر نجکاری کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں اندر سے کھوکھلا کرنا چاہتا ہے، اگر پاکستان کی سلامتی چاہیے تو اس کیلئے مضبوط فوج بے حد ضروری ہے، ہم سب کیلئے ملک سب سے اہم ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیرنجکاری عبدالعلیم خان نے یوم دفاع کی تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ یہ ملک کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں ہے۔



















