Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفرز کیلئے بائیومیٹرک کی تصدیق لازمی قرار

محکمہ ایکسائزسندھ کا اہم قدم؛ گاڑیوں کی رجسٹریشن اورٹرانسفرزکیلئے بائیو میٹرک کی تصدیق لازمی قراردے دی۔

سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام نئی اور پرانی گاڑیوں کو رجسٹریشن یا ٹرانسفرکے عمل کے دوران بائیو میٹرک تصدیق کی ضرورت ہوگی، نئی پالیسی کے تحت تبدیلی تین مرحلوں میں نافذ کی جائے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے پہلے مرحلے میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی، دوسرے مرحلے میں یکم نومبر سے گاڑیاں خرید کرنے والوں کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی۔

سینئرصوبائی وزیرنے کہا کہ تیسرے مرحلے میں گاڑی فروخت کنندہ اور خرید کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی، ہم محکمہ ایکسائز میں تمام عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور یہ صرف شروعات ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ سندھ عوامی خدمات میں ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے آگے بڑھے،  گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر میں بائیو میٹرک تصدیق شفافیت کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ہے۔

سینئروزیر سندھ نے کہا کہ بائیو میٹرک تصدیق سے خریداروں اور فروخت کنندگان کی شناخت، گاڑیوں کی غیر قانونی منتقلی اور شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچانے میں مدد ملے گی، گاڑیوں کے مالکان بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے نادرا ای سہولت مراکز یا کسی بھی ڈسٹرکٹ ایکسائز آفس سے رجوع کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں