کراچی میں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمان سعد جمعہ نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی کمال اور انیس قائم خانی بھی موجود تھے، پاک سعودیہ اقتصادی تعلقات، صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنرسندھ نے کہا کہ دونوں ممالک اسلامی اخوت کے لازوال رشتہ میں منسلک ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ ہرمشکل وقت میں پاکستان کی بھرپورمدد کی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔
قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمان سعد نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، سعودی سرمایہ کار پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔



















