Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیاسی اختلافات کے باوجود صوبےکا امن، عوام کی خوشحالی ہماری ترجیحات ہیں، فیصل کریم کنڈی

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود صوبے کا امن، عوام کی خوشحالی ہماری ترجیحات ہیں، متعدد علاقے آج بھی نوگو ایریاز ہیں ہم سب کو متحد ہوکر اس صوبہ کو امن دینا ہوگا۔ 

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاورمیں جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے۔ اس جرگہ کے انعقاد پرجہاں صوبائی حکومت کا میں شکرگزار ہوں اور وہیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں وزیراعلی خیبرپختونخوا اورصوبائی اسمبلی کے ممبران کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس جرگہ کاانعقاد کیا۔  ہمارے سیاسی اختلافات موجود ہیں مگر صوبہ کا امن عوام کی خوشحالی ہماری ترجیحات ہیں۔

گورنر کے پی نے کہا کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، اس خطہ میں افغانستان کا مسئلہ ہمارے سامنے ہے جہاں عالمی برادری مزاکرات سے مسئلہ کے حل پر متفق ہوئی۔ کل خیبرمیں افسوسناک واقعہ ہوا ہمارے پاس وقت کم ہے ہم نے سب کو مذاکرات پر آمادہ کرنا اور مسئلہ کا حل نکالنا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو لوگ اس ملک کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں ان سے مذاکرات کرنے چاہییں، کچھ مطالبات صوبائی حکومت سے ہونگے کچھ وفاقی حکومت کے ہونگے۔

انھوں نے جرگے میں خطاب کے دوران مزید کہا کہ یہاں وزیراعلی بھی بیٹھے ہیں وزیرداخلہ بھی اورسیاسی قیادت بھی ، ہمیں آج اس مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا۔ امن کی صورتحال ابترہے صوبہ کے متعدد علاقے آج بھی نوگو ایریاز ہیں ہم سب کو متحد ہوکر اس صوبہ کو امن دینا ہوگا۔

متعلقہ خبریں