صدرمملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ سیریزمیں فتح پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سیریزمیں قوم کو مبارکباد میں کہا کہ امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریزمیں کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا، کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے جذبے اور ٹیم ورک نے قوم کا سر فخرسے بلند کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مبارکباد میں کہا کہ پوری قوم کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی پرخوش ہے، انشااللہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
کھیل کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے 23 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو کوئی بلے باز پاکستانی اسپنرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکا۔
اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اوروزیراعلٰی پنجاب مریم نوازاور دیگر نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد دی۔



















