گھگرپھاٹک کے قریب نامعلوم چور چاولوں سے بھرا ٹرک لوٹ کر فرار ہو گئے۔
واقعے کا مقدمہ بن قاسم تھانے میں شہری سیدالرحمان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
مدعی مقدمہ نے کہا کہ میں ٹرانسپورٹ کا کام کرتا ہوں میرا بھائی کل گودام سے چاول کا ٹرک لے کر نکلا تھا، ٹرک میں 660 چاول کی بوریاں تھی اور ایک بوری میں 50 کلو چاول تھے۔
مدعی سید الرحمان کا کہنا تھا کہ حسن شاہ روڈ پر چار ملزمان نے ٹرک کے آگے کار روکی، ملزمان کار سے نیچے اترے اور بھائی کو ٹرک سے نیچےاتار دیا۔
مدعی کے مطابق ملزمان نے رسی سے باندھ کر بھائی کو جھاڑیوں میں پھینک دیا، اور چاول سے بھرا ٹرک، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔



















