لاہورایک بارپھرفضائی آلودگی انڈیکس میں سب سے اوپرآ گیا، امریکی ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہورمیں آلودگی کا اسکور609 ہے۔
لاہورآئندہ تین دن تک تیزہواؤں کی زد میں رہے گا، اسموگ کی صورت حال بدترین ہونے کا خدشہ ہے، امریکی موسمیاتی ادارے نے خبردارکردیا۔
امریکی ایئرانڈیکس نے پیشگوئی کی ہے کہ 6، 7 اور8 نومبرکو لاہورکا آلودگی انڈیکس 600 سے 700 ہوسکتا ہے۔ 4 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے مشرق سے مغرب کی طرف بھارت سے آنے والی سموگ آلود ہوائیں لاہوراورملحقہ پاکستانی علاقوں کو متاثرکررہی ہیں۔
فضائی آلودگی انڈیکس میں نئی دہلی 408 اسکور سے دوسرے، عراق کا دارالحکومت بغداد تیسرے، بھارتی۔شہرکلکتہ 160 اسکورسے چوتھے نمبرپرہے۔
پنجاب میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر قائم بھٹوں کو گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ دھواں پھیلانے سے روکنے کی کڑی نگرانی اوراسموگ سے بچاؤ کے اقدامات پرسخت عمل درآمد جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں، راستوں اوربازاروں میں پانی کے چھڑکاؤ بھی جاری ہے۔
ماحولیاتی تحفظ اورانتظامیہ کے افسران کےعملے کے ہمراہ فیلڈ آپریشنزمیں چھاپے اورجرمانے کیے جارہے ہیں۔
سینیئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں، اسموگ کی شدت میں اضافہ تشویشناک ہے، بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے، ماسک لازمی پہنیں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں، مونجی یا فصل کی باقیات جلانا اس وقت ‘جلتی پر تیل’ ڈالنے کے مترادف ہوگا، پوری قوت سے اسموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے۔
سینئروزیرپنجاب نے کہا اپیل کی ہے کہ ماحولیاتی قوانین، ضابطوں اورکسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 پر فوری شکایات کریں، گرین ایپ کا استعمال کریں، اسموگ کی صورتحال کے حوالے سے قائم مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول تمام ڈیٹا کا مسلسل بغور جائزہ لے رہا ہے۔



















