لاہور میں اسموگ کے خطرے کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش کے باوجود نجی تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کے خلاف محکمہ تعلیم نے کارروائی کی۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے 13 اسکولز بند کرنے کا شوکاز جاری کر دیا ہے جبکہ 11 نومبر کو نجی اسکولز کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
سی ای او ایجوکیشن ملک نذیر حسین کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات پرعملدرآمد ضرور کروائیں گے، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھٹیاں نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف شکایتی سیل قائم کر دیا ہے۔ والدین اپنے بچوں کے اسکول بند نہ ہونے کی صورت میں شکایتی سیل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔



















