بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی ودیگر نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس میں صدر حاجی نور محمد نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ عرصہ سے ایک بدامنی کا سلسلہ شروع ہوا ہے، قومی شاہراوں پر لوٹ مار ڈکیتی اور معدنیات والے لوڈ ٹرکوں کو جلانا معمول بن چکا ہے۔
شاہراوں پر سیکورٹی انتظامات ہونے کے باوجود ٹرکوں پر حملہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے، ہرنائی شاہرگ دکی چمانک قلات میں ٹرکوں پر حملہ اور ان کو نذر آتش کرنا روز کا معمول ہے۔
صدر حاجی نور محمد نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان، گورنر اور چیف سیکرٹری ٹرانسپورٹروں سے ملنا بھی گوارہ نہیں کرتے ہیں، ضلعی انتظامیہ افسران صرف تسلیاں دے کر مطمئن کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کروڑوں روپے کے نقصانات برداشت نہیں کرسکتے ہیں، ہرنائی و زیارت میں پحھلے دنوں چار ٹرکوں کو جلا کر ختم کر دیا گیا۔
صدر حاجی نور محمد نے اعلان کیا کہ 14 نومبر سے قومی شاہراہ این 70 اور این 50 کو بطور احتجاج بند کر دینگے۔
کوئٹہ اسپن کاریز اور مچھ سے بھی کوئلہ لوڈنگ کو 16 نومبر سے مکمل بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے مزید کہا کہ پورے صوبہ میں تاجر برادری ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیکر ایک ہفتہ کے اندر مکمل ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا۔



















