ادارہ شماریات نے 2017 سے 2023 تک ملک میں آبادی بڑھنے کی شرح کی تفصیلات جاری کردیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب، سندھ اوربلوچستان سمیت ملک بھرمیں آبادی بڑھنے کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے شہری علاقوں میں آبادی بڑھنے کی شرح دیہی علاقوں کے مقابلے میں تین گنا تک پہنچ گئی ہے، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں بھی اضافے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک بھرمیں پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست ہے، سندھ میں ضلع شرقی کراچی میں آبادی بڑھنے کی شرح زیادہ رہی، خیبر پختونخوامیں ضلع کوہستان اوربلوچستان کے ضلع واشک میں آبادی بڑھنے کی رفتار سب سے تیزہے۔
گزشتہ 7 سال کے دوران پاکستان کی آبادی میں سالانہ اوسطاً 2.55 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے، دیہی آبادی 1.88 فیصد اور شہری آبادی میں اضافے کی شرح 3.67 فیصد رہی، پنجاب کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پنجاب کی دیہی آبادی 1.46 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا، پنجاب میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع ننکانہ صاحب میں 3.19 فیصد رہی۔



















