Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاق نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کروانے کیلئے کمر کس لی

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سےغیرقانونی احتجاج اوردھرنے کی اجازت نہ دینے کے احکامات پروفاقی حکومت نے عمل درآمد کروانے کیلئے کمرکس لی۔ 

پی ٹی آئی کے کل کے احتجاج کے پیشِ نظر فیض آباد پل سے اسلام آباد آنے اور جانے والے راستے آج بند کر دیے گئے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والا راستہ جزوی بند کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں داخلے کے لیے ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پردونوں اطراف سے بند کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں میٹرو بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

اسلام آباد اورلاہورمیں موٹرویزکے تمام انٹری پوائنٹس بھی بند ہیں، لاہور سے اسلام آباد جانے والے راستے ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو انٹرچینج، سگیاں پل اور شاہدرہ چوک بھی بند ہیں، رنگ روڈ کو بھی 2 دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

گولڑا موڑجی ٹی روڈ، چھبیس چونگی، نیومارگلہ روڈ ون الیون کے مقام پر بند کیا گیا ہے۔ ایران ایوینو کو ڈی 12 کے مقام سے بند کردیا گیا۔ جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔

پنجاب کے بیشترشہروں میں دوسرے شہروں کو جانے والی ٹریفک کو بند کیا گیا ہے۔ راستوں کی بندش کے باعث شہری مشکلات کا شکارہیں۔

شاہدرہ راوی پل سے لاہورمیں داخل ہونے والی ٹریفک کو بند کردیا گیا ہے، شاہدرہ کی جانب سے گوجرانوالہ روڈ کو بھی کنٹینرزلگا کربند کردیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پولیس لائنزکا دورہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے پولیس لائنز پہنچ گئے، انھوں نے قیام امن کیلئے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی۔

اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ اس کے پیش نظرہم نے اسلام آباد شہرکوہرصورت محفوظ رکھنا ہے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ پولیس فورس نے اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے اوراسے یقینی بنانا ہے۔ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس باراسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔  ہمیں آپ اورآپ کی زندگیاں بہت عزیز ہیں۔  دوران ڈیوٹی آپ نے تمام حفاظتی سامان پہننا ہے اور پوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں۔ پولیس فورس نے ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اس بار کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

آئی جی اسلام آبادپولیس، چیف کمشنراسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس اورپولیس افسران کی بڑی تعداد اس موقع پرموجود تھی۔

متعلقہ خبریں