وزیربلدیات سندھ سعید غنی کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں یوم تاسیس کے حوالے سے تیاریوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعید غنی نے اجلاس کے دوران بتایا کہ یوم تاسیس کے سلسلے میں نشتر پارک میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
سعید غنی نے مزید بتایا کہ جلسے کی تیاریوں کا آغاز زور و شور سے کر دیا گیا ہے، شہر بھر میں کیمپس لگائے جائیں گے اور بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرانے میں عوام کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے اجلاس کے دوران یقین دہانی کرائی کہ کراچی کے مسائل کو ہر صورت حل کیا جا رہا ہے۔
سعید غنی نے تمام عہدیداران و کارکنان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کامیاب حکمت عملی کراچی کے عوام کے لیے مزید ترقی کے دروازے کھولے گی۔



















