Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا

پاکستان نے غنی انسٹی ٹیوٹ کرکٹ گراؤنڈ میں نیپال کو 101 رنز کا ہدف 6.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرتے ہوئے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر نعمت اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد صفدر نے 14 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ نے نعمت اللہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔

دوسرے میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 53 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کی۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے، جس میں سورنگا سمپت کی 33 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا کے سورنگا سمپت کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ قونصل جنرل سری لنکا یسین جویا نے دیا۔

بنگلہ دیش نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز میں 149 رنز بنائے، جس میں کپتان اباسین نے 30 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عصمت علی نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

 بنگلہ دیش نے 12 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پورا کرلیا، جس میں عارف حسین کی 44 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔

لاہور میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ 28 نومبر کو ایونٹ میں آرام کا دن ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 29 نومبر سے ملتان میں ہوگا۔

متعلقہ خبریں