شمالی وزیرستان میں سیدگئی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں مسافر کوچ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دس دیگر مسافر زخمی ہو گئے۔ تاہم، پاک فوج کے بروقت ریسکیو آپریشن کی وجہ سے مزید قیمتی جانیں بچا لی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے فوراً ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے زخمی مسافروں کو کھائی سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اس کے بعد زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو اداروں کی مدد کی گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کا ریسکیو اینڈ پیرامیڈیکل اسٹاف فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے پیرامیڈیکل اسٹاف نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں منتقل کیا۔
امدادی کارروائی میں ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی موجود تھی، جو پاک فوج کے ساتھ مل کر امداد فراہم کر رہی تھی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے پاک فوج کے بروقت ریسکیو آپریشن اور امدادی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فوج نے بروقت پہنچ کر قیمتی جانوں کو بچا لیا۔



















